اشراق کی نماز پڑھنے کا طریقہ اور اشراق کی نماز کی فضیلت






اشراق کی نماز


اشراق کی نماز کا وقت اور رکعت

اشراق کی نماز دو رکعت ہے۔ یہ نماز فجر کی نماز کے بعد اسی جگہ بیٹھ کر اللہ تعالیٰ کے ذکر میں مشغول رہے اور جب سورج نکل کر ایک نیزہ بلند ہوجائے یعنی پورے سورج نکل جائے تو پڑھے۔

اشراق کی نماز پڑھنے کا طریقہ

اشراق کی نماز پڑھنے کا طریقہ یہ ہے کہ سب سے پہلے یوں نیت کرے۔ نیت کی میں نے دو رکعت نماز اشراق کی نفل واسطے اللہ تعالیٰ کے منھ میرا کعبہ شریف کی طرف اللہ اکبر، اس کے بعد ثنا پڑھ کر تعوذ و تسمیہ پڑھے پھر پہلی رکعت میں سورہ فاتحہ کے بعد آیۃ الکرسی اور دوسری رکعت میں سورہ فاتحہ کے بعد آمن الرسول آخر تک پڑھے ۔ اگر یہ یاد نہ ہوں تو دونوں رکعت میں سورہ فاتحہ کے بعد پانچ پانچ مرتبہ سورہ اخلاص یعنی قل ھو اللہ احد پڑھے یا قرآن سے جو یاد ہو ںوہی پڑھ لے۔ پھر اور نمازوں کی طرح اس کو مکمل کرے اس کے بعد دعا مانگے۔

اشراق کی نماز کی فضیلت

احادیث مبارکہ میں اشراق کی نماز پڑھنے کی بہت زیادہ فضیلت آئی ہے۔ حدیث پاک میں ہے کہ جو شخص فجر کی نماز با جماعت پڑھ کر اللہ تعالیٰ کے ذکر میں مشغول رہا یہاں تک کہ آفتاب نکل کر بلند ہو گیا پھر اس نے دو رکعت نفل پڑھے تو اسے پورے حج و عمرہ کا ثواب ملے گا۔ (ترمذی شریف)

ایک اور حدیث پاک میں آیا ہے کہ جو شخص فجر کی نماز پڑھ کر مصلے پر بیٹھا رہے اس کے بعد دو رکعت پڑھ کر مصلے سے اٹھے اور ان دونوں نمازوں کے درمیان سوائے اچھی باتوں کے اور کچھ نہ کہے تو اس کے گناہ معاف کر دئیے جاتے ہیں اگرچہ سمندر کی جھاگ سے زیادہ ہی کیوں نہ ہوں۔ (ابو داؤد شریف)

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے