صلاۃ التسبیح پڑھنے کا طریقہ اورصلاۃ التسبیح کی فضیلت






صلاۃ التسبیح (تسبیح کی نماز)

صلاۃ التسبیح کا وقت اور رکعات

صلاۃ التسبیح پڑھنے کے لیے کوئی وقت مقرر نہیں، اوقات مکروہہ و ممنوعہ کےعلاوہ جس وقت چاہیں پڑھ سکتے ہیں۔ یہ نماز ایک سلام سے چار رکعات پڑھی جاتی ہے۔

صلاۃ التسبیح پڑھنے کا طریقہ

صلاۃ التسبیح پڑھنے کا دو طریقہ ہے۔

طریقہ اول یہ ہے کہ سب سے پہلے یوں نیت کرے۔ نیت کی میں نے چار رکعات صلاۃ التسبیح کی نفل، واسطے اللہ تعالیٰ کے، منھ میرا کعبہ شریف کی طرف، اللہ اکبر، نیت کرنے کے بعد ثنا پڑھے، پھر اعوذ باللہ اور بسم اللہ کے بعد قرآت ختم کریں اس کے بعد پندرہ مرتبہ تسبیح (سُبْحَانَ اللهِ وَالْحَمْدُ لِلّٰهِ وَلَا إِلَهَ إِلَّا اللهُ وَاللهُ أَکْبَرُ) پڑھے، ، پھر رکوع کریں اور رکوع کی تسبیح پڑھنے کے بعد دس مرتبہ تسبیح (سُبْحَانَ اللهِ وَالْحَمْدُ لِلّٰهِ وَلَا إِلَهَ إِلَّا اللهُ وَاللهُ أَکْبَرُ) پڑھے، پھر سمع اللہ لمن حمدہ اور ربنا و لک الحمد کے بعد دس مرتبہ تسبیح (سُبْحَانَ اللهِ وَالْحَمْدُ لِلّٰهِ وَلَا إِلَهَ إِلَّا اللهُ وَاللهُ أَکْبَرُ) پڑھے، پھر سجدہ کریں اور سجدہ کی تسبیح کے بعد دس مرتبہ تسبیح (سُبْحَانَ اللهِ وَالْحَمْدُ لِلّٰهِ وَلَا إِلَهَ إِلَّا اللهُ وَاللهُ أَکْبَرُ) پڑھے، پھر سجدہ سے سر اٹھائیں اور جلسہ میں دس مرتبہ تسبیح (سُبْحَانَ اللهِ وَالْحَمْدُ لِلّٰهِ وَلَا إِلَهَ إِلَّا اللهُ وَاللهُ أَکْبَرُ) پڑھے، پھر دوسرا سجدہ کریں اور سجدہ کی تسبیح کے بعد دس مرتبہ تسبیح (سُبْحَانَ اللهِ وَالْحَمْدُ لِلّٰهِ وَلَا إِلَهَ إِلَّا اللهُ وَاللهُ أَکْبَرُ) پڑھے، پھر سجدہ سے سر اٹھا کر بیٹھ جائیں اور دس مرتبہ تسبیح (سُبْحَانَ اللهِ وَالْحَمْدُ لِلّٰهِ وَلَا إِلَهَ إِلَّا اللهُ وَاللهُ أَکْبَرُ) پڑھ کر سیدھا دوسری رکعت کے لیے کھڑا ہو جائے اور اسی طرح باقی نماز مکمل کریں۔

صلاۃ التسبیح پڑھنے کا دوسرا طریقہ

طریقہ دوم یہ ہے کہ نیت کرنے کے بعد ثنا پڑھے، اس کے بعد پندرہ مرتبہ تسبیح(سُبْحَانَ اللهِ وَالْحَمْدُ لِلّٰهِ وَلَا إِلَهَ إِلَّا اللهُ وَاللهُ أَکْبَرُ) پڑھے، پھر اعوذ باللہ اور بسم اللہ کے بعد قرآت ختم کریں پھر اس کے بعد دس مرتبہ تسبیح پڑھے،پھر رکوع کریں اور رکوع کی تسبیح پڑھنے کے بعد دس مرتبہ تسبیح پڑھے، پھر سمع اللہ لمن حمدہ اور ربنا و لک الحمد کے بعد دس مرتبہ تسبیح پڑھے، پھر سجدہ کریں اور سجدہ کی تسبیح کے بعد دس مرتبہ تسبیح پڑھے، پھر سجدہ سے سر اٹھائیں اور جلسہ میں دس مرتبہ تسبیح پڑھے، پھر دوسرا سجدہ کریں اور سجدہ کی تسبیح کے بعد دس مرتبہ تسبیح پڑھے،اس طرح ایک رکعت مکمل کریں اور پھر دوسری رکعت کے لیے کھڑے ہوں اور اسی طرح چار رکعات مکمل کریں۔




ضروری ہدایات

? صلاۃ التسبیح کی خاص تسبیح (سُبْحَانَ اللهِ وَالْحَمْدُ لِلّٰهِ وَلَا إِلَهَ إِلَّا اللهُ وَاللهُ أَکْبَرُ) ہر رکعت میں 75 بار ہونا چاہیے تاکہ چار رکعات میں 300 بار ہوجائے۔

? صلاۃ التسبیح کی پہلی رکعت میں سورۃ التکاثر ، دوسری رکعت میں، سورۃ العصر، تیسری رکعت میں سورۃ الکافرون اور چوتھی رکعت میں سورۃ الاخلاص پڑھنا اچھا ہے اور اگر یہ یاد نہ ہوں تو جو یاد ہوں وہی پڑھ لے۔

? صلاۃ التسبیح کے دونوں قعدے میں تحیات کے بعد درود اور دعا مکمل پڑھے۔

? تیسری رکعت میں تعوذ و تسمیہ سے پہلے ثنا بھی پڑھے۔






صلاۃ التسبیح کی فضیلت

صلوة التسبیح نفل نمازوں میں بہت عظیم الشان نماز ہے، جس کی بڑی فضیلت اور بڑا ثواب ہے۔ یہ نفل بے شمار دینی و دنیوی برکات کے حصول کا سبب ہے۔ حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک دن اپنے چچا حضرت عباس رضی اللہ عنہ سے فرمایا : اے میرے محترم چچا! کیا میں آپ کی خدمت میں ایک گراں قدر عطیہ اور قیمتی تحفہ پیش کروں؟ کیا میں آپ کو ایک خاص بات بتاوں؟ کیا میں آپ کے دس کام اور آپ کی دس خدمتیں کروں ( یعنی آپ کو ایک ایسا عمل بتاوں جس سے آپ کو دس عظیم الشان منفعتیں حاصل ہوں، وہ ایسا عمل ہے کہ) جب آپ اس کو کریں گے تو اللہ تعالی آپ کے سارے گناہ معاف فرمادے گا، اگلے بھی اور پچھلے بھی، صغیرہ بھی اور کبیرہ بھی ، چھپے بھی اور علانیہ ہونے والے بھی، وہ عمل صلوة التسبیح ہے۔پھر آپ نے فرمایا : (میرے چچا ) اگر آپ سے ہوسکے تو روزانہ یہ نماز پڑھ لیا کریں، اور اگر روزانہ نہ پڑھ سکیں تو ہر جمعہ کے دن پڑھ لیا کریں، اور اگر آپ یہ بھی نہ کرسکیں تو سال میں ایک دفعہ پڑھ لیا کریں، اور اگر یہ بھی نہ ہوسکے تو کم از کم زندگی میں ایک دفعہ پڑھ ہی لیں۔

(سنن ابی داود:ج 2، ص 467، حدیث نمبر: 1297)




ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے