نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی ہم شکل چند شخصیات





نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی ہم شکل چند شخصیات
تحریر : محمد ساجد مدنی

1: حضرت ابراہیم رضی اللہ عنہ
حضرت عبداللہ بن اوفی رضی اللہ عنہ سے پوچھا گیا کہ کیا آپ نے فرزند رسول حضرت ابراہیم رضی اللہ عنہ کو دیکھا تھا تو آپ نے جواب دیا جی ہاں ،آپ بچپن ہی میں وصال فرما گئے تھے اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے مشابہ تھے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد کوئی نبی ہوتا تو سیدنا ابراہیم رضی اللہ عنہ زندہ رہتے۔
(معجم اوسط،حدیث:٦٦٣٨)

2: حضرت فاطمہ زہرا رضی اللہ عنہا
اُمُّ المؤمنین حضرتِ سیِّدَتُنا عائشہ، صِدِّیقہ،طیِّبہ، طاہِرہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہَا فرماتی ہیں کہ میں نے چال ڈھال، شکل و شباہَت(رنگ رُوپ) اور بات چیت میں فاطِمہ عفیفہ (رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہَا) سے بڑھ کر کسی کو حُضور نبیِّ اَکرَم (صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم) سے مُشابِہ نہیں دیکھا
(سُنَنِ اَبُودَاؤُد، کتاب الادب ،باب ما جاء فی القیام، ص۸۱۲، الحدیث:۵۲۱۷ )

3: نواسہ رسول حضرت امام حسن رضی اللہ عنہ:
حضرت انس رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں
حسن بن علی رضی اللہ عنہما سے زیادہ کوئی شخص نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے مشابہ نہیں تھا
(صحیح البخاری،حدیث:٣٧٥٢)

4: نواسہ رسول حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ
جب امام حسین رضی اللہ عنہ کا سر عبیداللہ بن زیاد کے پاس لایا گیا اور ایک طشت میں رکھ دیا گیا تو وہ چھڑی سے مارنے لگا اور آپ کے حسن کے بارے کچھ کہنے لگا تو اس پر حضرت انس رضی اللہ عنہ نے فرمایا
حسین رضی اللہ عنہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے زیادہ مشابہت رکھنے والے ہیں
(صحیح البخاری،حدیث:3748)
ایک اور روایت میں ہے
سیّدنا علی المرتضیٰ کَرَّمَ اللّٰہُ تَعَالٰی وَجْہَہُ الْکَرِیْم سے روایت ہے کہ امام حسن رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ سینے اور سَر کے درمیان جبکہ امام حسین رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ سینے سے نیچے کے حصّے میں رسولُ اللّٰہ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلہٖ وَسَلَّمَ کےبہت مشابہ تھے۔
(ترمذی،ج5،ص430، حدیث:3804)
حکیمُ الامّت مفتی احمد یار خان عَلَیْہِ رَحمَۃُ الرَّحْمٰن اس روایت کے تحت فرماتے ہیں:
خیال رہے کہ حضرت فاطمہ زہرا (رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہا) اَزسر تا قدم بالکل ہم شکلِ مصطفیٰ تھیں صلَّی اللّٰہ علیہ وسلَّم اور آپ کے صاحبزادگان میں یہ مشابہت تقسیم کردی گئی تھی۔ حضرت حسین کی پنڈلی، قدم شریف اور ایڑی بالکل حضور کے مشابہ تھی حضور صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ سے قدرتی مشابہت بھی اللّٰہ کی نعمت ہے جو اپنے کسی عمل کو حضور (صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلہٖ وَسَلَّمَ) کے مشابہ کردے تو اس کی بخشش ہوجاتی ہے تو جسے خدا تعالٰی اپنے محبوب(صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلہٖ وَسَلَّمَ) کے مشابہ کرے اس کی محبوبیت کا کیا حال ہوگا۔
(مراٰۃ المناجیح،ج 8،ص480ملخصاً)

5: حضرت جعفر طیار رضی اللہ عنہ
آپ رضی اللہ عنہ کے بارے خود نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا
تم صورت و اخلاق اور عادات میں میرے مشابہ ہو
(صحیح بخاری، حدیث:٢٦٩٩)

6: حضرت عبداللہ بن جعفر طیار رضی اللہ عنہما
آپ بارے میں بھی رسولِ کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا
تم صورت و اخلاق اور عادات میں میرے مشابہ ہو
(مسند امام احمد،حدیث:١٧٥)


7: عون بن عبداللہ بن جعفر طیار رضی اللہ عنہم
آپ کے متعلق نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا
عون شکل وصورت اور اخلاق و عادات میں میرے مشابہ ہیں
(المعجم الکبیر،حدیث:١٤٦١)

8: حضرت قثم بن عباس بن عبدالمطلب رضی اللہ عنہم
آپ رضی اللہ عنہ وہ خوش نصیب صحابی ہیں جنھوں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو قبر انور میں اتارا اور لحد اقدس سے سب سے آخر میں باہر نکلے
آپ کے بارے میں علماء کرام فرماتے ہیں کہ آپ بھی نبی اکرم شافع اعظم صلی اللہ علیہ وسلم کے ہم شکل تھے۔
(سیر اعلام النبلاء:٢٠٣/١)

9: حضرت ابو سفیان بن حارث بن عبدالمطلب رضی اللہ عنہما
آپ رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وسلم کے رضاعی بھائی ہیں کہ حضرتِ حلیمہ سعدیہ رضی اللہ عنہا نے آپ کو بھی دودھ پلایا تھا
امام عبد البر رحمہ اللہ علیہ نے آپ کی سیرت میں بیان فرمایا کہ آپ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے شکل وصورت میں ہم شکل تھے۔
(الاستیعاب لابن البر ،١٦٧٦/٤)

10: حضرت سائب بن عبید بن عبدبن یزید رضی اللہ عنہ
آپ سیدنا امام شافعی رحمہ اللہ علیہ کے جد امجد ہیں
بہت سارے علماء کرام نے بیان کیا ہے کہ آپ دکھنے میں رسولِ عربی صلی اللہ علیہ وسلم کے مشابہ لگتے تھے۔
(تاریخ ابن خیثمہ،٢٢٧/١)

11: حضرت عبداللہ بن عامر بن کریز رضی اللہ عنہ
آپ سیدنا عثمان غنی رضی اللہ عنہ کے ماموں زاد بھائی ہیں اور آپ کو دیکھ کر رسولِ عربی نبی ہاشمی صلی اللہ علیہ فرمایا کرتے:
ان کی شکل ہم سے ملتی جلتی ہے
(اسد الغابہ،٢٨٩/٣)

12: مسلم بن عقیل بن ابی طالب رضی اللہ عنہما
آپ جلیل القدر تابعی ہیں اور سیدنا امام حسین رضی اللہ عنہ کی طرف سے خلیفہ بن کر کوفہ گئے تھے
آپ کے بارے بھی علماء سیر نے بیان فرمایا کہ آپ بھی رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وسلم کے مشابہ تھے۔
الثقات لابن حبان،٣٩١/٥)
اس کے علاؤہ مزید بھی کچھ شخصیات ہیں جن کی شکل وصورت نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے مشابہ تھی

13: حضرت محمد بن عقیل بن ابی طالب

14: حضرت کابس بن ربیعہ بن مالک

15: حضرت عبداللہ بن حارث بن نوفل

16: حضرت قاسم بن عبداللہ بن محمدبن عقیل

17: حضرت ابراہیم بن عبداللہ بن حسن بن حسن بن علی

18: حضرت یحیی بن قاسم بن جعفر بن محمد بن حسین بن علی

19: ابراہیم بن حسن بن حسن بن علی

رضی اللہ عنہم اجمعین

تحریر:
محمد ساجد مدنی
2ستمبر 2021 بروز جمعرات

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے