نماز تحیۃ الوضو
نماز تحیۃ الوضو کا وقت اور رکعت
وضو کرنے کے فوراً بعد دو رکعت نفل نماز پڑھنے کو تحیۃ الوضو کہا جاتا ہے۔اعضاے وضو سے وضو کے پانی خشک ہونے سے پہلے یہ نفل نماز دو رکعت پڑھی جاتی ہے اسی لیے اس کو تحیۃ الوضو کہتے ہیں۔
نماز تحیۃ الوضو پڑھنے کا طریقہ
تحیۃ الوضو کی نماز پڑھنے کا طریقہ یہ ہے کہ سب سے پہلے یوں نیت کرے۔ نیت کی میں نے دو رکعت نماز تحیۃ الوضو کی نفل واسطے اللہ تعالیٰ کے منھ میرا کعبہ شریف کی طرف ، اللہ اکبر۔ اس کے بعد ثنا پڑھ کر تعوذ و تسمیہ پڑھے پھر پہلی رکعت میں سورہ فاتحہ کے بعد سورہ کافرون اور دوسری رکعت میں سورہ فاتحہ کے بعد سورہ اخلاص پڑھے پھر اور نمازوں کی طرح اس کو مکمل کرے۔
نماز تحیۃ الوضو کی فضیلت
حضرت عقبہ بن عامر فرماتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ جو مسلمان وضو کرے اور اچھا وضو کرے اور ظاہر و باطن کے ساتھ متوجہ ہوکر دو رکعت پڑھے تو اس کے لیے جنت واجب ہو جاتی ہے۔ (مسلم)
حضرت ابوہریرہ فرماتے ہیں کہ نبی کریم ﷺ نے حضرت بلال سے فجر کی نماز کے وقت سوال کیا: مجھے یہ بتاؤ کہ تم نے حالت اسلام میں کون سا ایسا عمل کیا ہے جس سے تمہیں ثواب کی سب سے زیادہ اُمید ہو؟ کیونکہ میں نے جنّت میں اپنے آگے تمہارے جوتوں کی آواز سنی ہے۔ حضرت بلال نے فرمایا: میں نے ایسی زیادہ اُمید کا کوئی عمل نہیں کیا سوائے اس کے کہ رات و دن میں جب بھی میں پاکی حاصل کرتا ہوں تو اس پاکی سے جس قدر میرے مقدّر میں ہے نماز ضرور پڑھ لیتا ہوں۔(بخاری)
0 تبصرے