شاہ احمد رضا خاں پہ لاکھوں سلام

 

ماہ رضا  کی مناسبت سے اعلی حضرت  شاہ امام احمد رضا خاں فاضل بریلوی علیہ الرحمۃ والرضوان کی شان میں ایک خوبصورت منقبت

شاہ احمد رضا خاں پہ لاکھوں سلام


اہل سنت کے سلطاں پہ لاکھوں سلام

شاہ احمد رضاخاں پہ لاکھوں سلام


جس کو بخشا ہے قدرت نے علم و شعور

جس کے نورانی دل میں تھا عشق حضور

جس کی آنکھوں میں تھا علم و عرفاں کا نور

جس نے پہونچایا پیغام حق دور دور

اس حقیقت بداماں پہ لاکھوں سلام

شاہ احمد رضا خاں پہ لاکھوں سلام


سر اٹھائے پھرے سیکڑوں بد یقیں

سب نے گمراہ کن کوششیں لاکھ کیں

آپ کے سر پہ تھے سید المرسلیں

اس لیے بس کسی کا چلا ہی نہیں

دین کے مرد میداں پہ لاکھوں سلام

شاہ احمد رضا خاں پہ لاکھوں سلام


جس نے ظلمت کدوں میں اجالا کیا

جس نے گرتے ہوؤں کو سنبھالا کیا

نام اعلی تھا ہر  کام اعلی کیا

اپنی سنت جماعت کو بالا کیا

اس مجاہد مسلماں پہ لاکھوں سلام


راہ حق میں رہا جو سدا گامزن

جس نے سینچا سدا سنیت کا چمن

عشق میں شاہ دیں کے رہا جو مگن

تذکرہ جس کا ہے انجمن انجمن

اس نبی کے ثنا خواں پہ لاکھوں سلام

شاہ احمد رضا خاں پہ لاکھوں سلام


جس سے شہر بریلی کو شہرت ملی 

جس سے سنت جماعت کو عظمت ملی

شاہ دیں کی سبھی کو عقیدت ملی

نیک تنظیم جس کی بدولت ملی

ہاں!  اسی ذات ذیشاں پہ لاکھوں سلام

شاہ احمد رضا خاں پہ لاکھوں سلام


برتری جس نے سید کی تسلیم کی

نسل سرکار کی جس نے تعظیم کی

دولت عشق حق جس نے تقسیم کی

جستجو پیدا کی جس نے تسنیم کی

ساقئ جام عرفاں پہ لاکھوں سلام

شاہ احمد رضا خاں پہ لاکھوں سلام


تم نے صد مرحبا جو بھی فتوی لکھا

ساری دنیا نے تسلیم اس کو کیا

تم پہ نازل ہوئی رحمت کبریا

تم نے پایا پسر مفتئ ہند سا

آپ کے سب گلستاں پہ لاکھوں سلام

شاہ احمد رضا خاں پہ لاکھوں سلام


شوق تسلیم عارف کی ہے التجا

کیجیے رب عالم سے ان کو دعا

دیکھے حرمین بغداد اور کربلا

ان پہ ہر دم رہے رحمت مصطفی

آپ کے فیض عرفاں پہ لاکھوں سلام

شاہ احمد رضا خاں پہ لاکھوں سلام

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے